24 اکتوبر ، 2014
لاہور...... محکمہ اوقاف پنجاب کے وزیر عطا مانیکا نے مزارات اور مساجد کو سرکاری تحویل میں لینے کے فیصلے کو غلط قرار دے دیا ،ان کاکہنا ہے کہ خسارے والے مزارات اورمساجد کو مقامی افراد کے حوالے کر دینا چاہیے۔ پنجاب کے وزیر اوقاف عطا مانیکا نے پنجاب اسمبلی میں لب کھولے تو اپنے محکمے کی اندرونی صورتحال کو بھی، گویا خوب کھول کر رکھ دیا ،کہنے لگے کہ محکمہ مزاروں اور مساجد کےچندے سے چلتا ہے ،مزاروں کی آمدنی کا 86 فیصدتو محکمے پر ہی اٹھ جاتا ہے،خسارے والے مزاروں اور مساجد کو مقامی افراد کے حوالے کر دینا چاہیے ،وزیر اوقاف کے بیان پر کچھ ساتھی وزراء حیران ،کچھ پریشان ،تو کچھ کو اختلاف بھی ۔ ارکان بھی معاملے پر تقسیم نظر آئے ،کچھ نے کہا کہ مزار اور مساجد حکومتی کنٹرول میں نہ رہیں تو مسائل پیدا ہونگے،کچھ کا کہنا تھا کہ حکومت صرف بالائی کھانا چاہتی ہے۔ معاملے پر فیصلہ تو ابھی نہیں ہوا،خسارے میں چلنے والے مزارات کا سروے ضرور مکمل کرلیا گیا۔ اراکین اسمبلی کی اکثریت کا کہنا ہے کہ خسارے میں چلنے والے ہر ادارے کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی پالیسی درست نہیں، مزارات نجی شعبے کے حوالے کئے گئے تو مقامی سطح پر اختلافات ہی نہیں گروہ بندی بھی جنم لے گی۔