پاکستان
24 اکتوبر ، 2014

پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس

پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس

اسلام آباد...... قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس بھیجتے ہوئے 29 اکتوبر کو طلب کر لیا ۔ اگر نہ آئے تو اسپیکر استعفوں کی تصدیق کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے اور الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیں گے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین عمران خان سمیت 25 ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے حتمی نوٹس بھیج دیے ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اپنے استعفے کی تصدیق کے لیے29 اکتوبر کو اسپیکر چیمبر میں 2بجے پیش ہوں ۔نوٹس کے مطابق اگر مقررہ تاریخ اور وقت پر تحریک انصاف کا ہر رکن اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوتا تو یہ فرض کیا جائے گا کہ وہ استعفے کی تصدیق کے لیے قانونی اور شفاف طریقہ کار اختیار نہیں کرنا چاہتے۔اس صورتحال میں اسپیکر قانونی طور پر اس پوزیشن میں نہیں ہوں گے کہ کسی استعفے کی تصدیق کر سکیں اور وہ اس بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیں گے۔نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 22 اگست کو تحریک انصاف کے 25 ارکان کے استعفے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہوئے جبکہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے 3 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں شرکت کی اور تقریر بھی کی۔اسپیکر نے استعفوں کی تصدیق کے لیے انہیں چیمبر میں ملاقات کرنے کا کہا لیکن شاہ محمود قریشی ساتھیوں سمیت تصدیق کیے بغیر چلے گئے۔نوٹس میں قومی اسمبلی کے قواعد وضوابط 2007 کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اسپیکر پر استعفے کی تصدیق کرنا لازم ہے اس لیے ارکان کو پیش ہونے کا نوٹس بھیجا گیا۔عمران خان کو 13 اکتوبر کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ نہیں آئے اور شاہ محمود قریشی کی طرف سے خط موصول ہوا کہ تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لیے ایک ہی دن بلایا جائے۔ اس پرا سپیکر نے کہا تھا کہ تمام ارکان ایک دن آ سکتے ہیں لیکن قوا عدو ضوابط کے مطابق استعفے کی تصدیق ہر رکن سے الگ الگ ہو گی ۔

مزید خبریں :