24 اکتوبر ، 2014
کوئٹہ .........کوئٹہ میں مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملے کے خلاف مختلف شہروں میں جمعیت علما اسلام ف کے کارکنوں نےاحتجاجی ریلیا ں نکالیں اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔مولانا فضل الرحمان پر خودکش حملے کے خلاف جیکب آباد میں جے یو آئی (ف) کی اپیل پر ہڑتال رہی ۔ہڑتال کے دوران جمعہ کی ہفتہ وار تعطیل کے دوران کھلنے والی دکانیں بھی بند رہیں ۔سکھر پریس کلب کے سامنے جے یوآئی ایف کے کارکنوں نے واقعے کے خلاف احتجاج کیا اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔لاڑکانہ میں نوڈیرو چوک سے جناح باغ چوک تک جے یو آئی ف کے کارکنوں نے احتجاجی ریلی نکالی اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔حیدرآبادمیں جمعیت علمائے اسلام ف کے کارکنون نے پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ڈیرہ غازی خان کے ٹریفک چوک اور ملتان کی حضوری باغ روڈ پر جے یو آئی ف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا۔رحیم یارخان ،گھوٹکی اورڈیرہ مرادجمالی میں بھی کارکن سڑکوں پرآگئے اورواقعے کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے،گلگت اور استور میں بھی جمعیت علما اسلام ف کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ۔قلات کے پریس کلب کے سامنےکارکنوں نے احتجاج کیا اور مین بازار میں ریلی نکالی ۔جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے کے خلاف مظفرآباد کے پریس کلب کے باہر علما نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کر کے ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں تجارت گنج سے گھاس منڈی موڑ تک ریلی نکالی گئی۔ مالاکنڈ ڈویژن میں مینگورہ اورمالاکنڈ ایجنسی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئی۔