22 اپریل ، 2012
پیرس…فرانس میں صدارتی انتخابات کے لیے 4 کروڑ 40لاکھ ووٹرز نئے صدر کا چناوٴ کریں گے۔ صدر نکولس سارکوزی کو دوبارہ منتخب ہونے میں کافی چیلنجز درپیش ہیں۔ دنیا کی پانچویں بڑی طاقت کے صدر کے چناوٴ کے لیے وو ٹنگ صبح 8 بجے سے رات 8بجے تک ہوگی۔ نکولس فرانس کی دائیں بازو کی جماعت کے دوبارہ صدارتی امیدوار ہیں۔ اپنے دور اقتدار میں ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری پر انہیں تنقید کا سامنا رہا ہے۔ نکولس سرکوزی کا اصرار ہے کہ انہیں خاموش اکثریت کی حمایت حاصل ہے اور انتخابی جائزے ان کی صحیح مقبولیت کو ظاہر نہیں کرتے۔ انتخابی جائزوں کے مطابق سوشلسٹ امیدوار فرانسو عولینڈ صدارت کے مضبوط امیدوار ہیں اور وہ فرانس پر دائیں بازو کا 17سالہ سیاسی غلبہ ختم کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ فرانسیسی صدارتی انتخابات میں ملک میں بیروزگاری سب سے اہم موضوع ہے۔ فرانس میں اس وقت دس فیصد لوگ بے روزگار ہیں۔