22 اپریل ، 2012
کراچی… کیا بھارت نے آزاد کشمیر کو پاکستان کا حصہ تسلیم کرلیا؟ کم از کم اسکولوں کی حد تک تو کر ہی لیا ہے۔ جی ہاں!مقبوضہ کشمیر کے اسکولوں میں پڑھائی جانے والی کتاب تو یہی بتارہی ہیں۔ یہ کتابیں کہیں اور نہیں پڑھائی جارہیں بلکہ وہاں کے آرمی اسکولوں میں تیسری جماعت کے نصاب کا حصہ بنادی گئیں۔مقبوضہ کشمیر کے اسکولوں کے لیے چھاپی گئی کتاب میں بچوں کو جو نقشہ ذہن نشین کرایا جارہا ہے وہ بھارت کے اس سرکاری موٴقف کے برعکس ہے جس کے مطابق آزاد کشمیر پاکستان کے زیرانتظام ہے۔ یہی نہیں بلکہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا حصہ دکھانے کے بجائے صرف شمالی علاقہ جات ہی بتایا گیا ہے۔ آزاد کشمیر کو پاکستان کا حصہ بتانے والا نقشہ اس کتاب کے ایڈیشن میں شامل ہے جو مقبوضہ کشمیر کے آرمی اسکولوں کے لیے خصوصی طور پر چھاپا گیا۔ اور اسے بھارتی سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن نے تیار کیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کتاب میں نقشے کی نشاندہی سب سے پہلے جموں، راجوڑی اور پونچھ جیسے سرحدی علاقوں کے اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے والدین نے کی۔ ان آرمی اسکولوں میں سرحدی علاقوں کے بچے بڑی تعداد میں پڑھتے ہیں۔