پاکستان
09 نومبر ، 2014

کوٹ رادھا کشن واقعہ:کئی شہروں میں مسیحی برادری کے احتجاجی مظاہرے

کوٹ رادھا کشن واقعہ:کئی شہروں میں مسیحی برادری کے احتجاجی مظاہرے

گوجرانوالہ...... کوٹ رادھا کشن واقعے کے خلاف لاہور کے علاوہ دوسرے شہروں میں بھی مسیحی برادری نے احتجاجی مظاہرے کیے، گوجرانوالہ میں آل کرسچن کیمونٹی نے جی ٹی روڈ سے پنڈی بائی پاس تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ مظاہرین نے کوٹ رادھا کشن کے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اورانھیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ گجرات میں مسیحی برادری نے سینٹ جوزف چرچ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی۔حافظ آباد،سرگودھا ، بہاول پور اور لیہ میں بھی مسیحی برادری سراپا احتجاج رہی ۔مظاہرین کاکہنا تھا کہ مسیحی جوڑے کو قتل کرکے لاشیں جلانے کے واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد ازجلد کیفر کردار تک پہنچائے۔ کوئٹہ میں مسیحی برادری نے پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا،مقررین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی میاں بیوی کا بہیمانہ قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پشاور پریس کلب کے باہر مظاہرے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں آل منارٹیز الائنس کے صدر ہارون سرب دیال نے کہا کہ کوٹ رادھا کشن واقعے کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود حکومت نے ملزموں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ میر پور خاص میں سینٹ مائیکل چرچ سے پریس کلب اور عمر کوٹ میں سینٹ جوزف چرچ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

مزید خبریں :