10 نومبر ، 2014
کوئٹہ ........کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کو ایک دن کے لئے حاضری سے استثنی دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہرصورت پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ نواب بگٹی قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج نذیراحمد لانگو نے کی۔عدالت میں سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب شیرپاو اور پرویز مشرف کے وکیل ذیشان چیمہ اور درخواست گزار نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل راجپوت پیش ہوئے۔عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے سابق صدر کی صحت کے حوالے سے چند ڈاکٹروں پرمشتمل ایک میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پیش کی جس میں یہ تجویز کیاگیاتھا کہ پرویز مشرف طبی بنیادوں پر سفر نہیں کرسکتے،تاہم عدالت نے غور و خوض اورکیس میں فریق درخواست گزار کےوکیل کےسخت اعتراض پر اس رپورٹ کو مسترد کردیا،تاہم عدالت نےملزم پرویز مشرف کو طبی بنیادوں پر ایک دن کے لئے حاضری سے استثنی دیدیا،اس کے ساتھ ہی عدالت نے آئندہ سماعت پر مرکزی ملزم پرویز مشرف کو ہر صورت پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ اگر آئندہ سماعت پر پرویز مشرف پیش نہ ہوئے تو ان کی ضمانت کو منسوخ کردیاجائےگا،عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کے ضمانتیوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ آئندہ سماعت پر پرویز مشرف کی عدالت میں حاضری کو یقینی بنایاجائے،بعد میں کیس کی سماعت 10دسمبر تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔