04 دسمبر ، 2014
کراچی ....... پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے بحریہ ٹائون لاہور میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT) کے انفرااسٹرکچراور خدمات کی فراہمی کے لئے بحریہ ٹائون کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔اس شراکت داری سے بحریہ ٹائون کے رہائشی پی ٹی سی ایل کی جدید ترین ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات بشمول وائس ٹیلیفونی، براڈ بینڈ انٹر نیٹ، اسمارٹ ٹی وی کے ساتھ ساتھEVO براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس جیسی خدمات حاصل کر سکیں گے۔ معاہدے پر پی ٹی سی ایل کے چیف بزنس آپریشنز آفیسر، محمد نصراللہ اور بحریہ ٹائون کے ایڈ منسٹریٹر ، بریگیڈیئر احِد مظفر شاہ نے پی ٹی سی ایل کے صدر اور سی ای او ولید ِارشیدکی موجودگی میں دستخط کئے ۔ پی ٹی سی ایل کے صدر اور سی ای او ، ولید ِارشید نے اس موقع پر کہا کہ ’’ پی ٹی سی ایل کامیابی کے ساتھ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے فروغ میں مصروفِ عمل ہے اور اپنے صارفین اور شراکت داروں کے روشن مستقبل کی جانب کامیابی سے رہنما ئی کر رہی ہے۔ بحریہ ٹاؤن لاہور کے ساتھ پارٹنر شپ ہمارے لیے مسرت کن ہے۔بحریہ ٹائون کے ایڈمنسٹریٹر، احِد مظفر شاہ نےکہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ وہ ملک کی سب سے بڑی اور معروف ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کنندہ، پی ٹی سی ایل کے ساتھ اشتراک کررہی ہے۔یہ معاہدہ ہمیں آگے بڑھنے اور اپنے رہائشیوں کو مجموعی طور پر بہتر خدمات کی فراہمی میں مدد دے گا۔