پاکستان
27 اپریل ، 2012

پولیس افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق تربیت دی جائیگی، رحمان ملک

پولیس افسران کو سائبر کرائمز سے متعلق تربیت دی جائیگی، رحمان ملک

اسلام آباد … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پولیس افسران کو سائبر کرائمز کے حوالے سے تربیت دی جائے گی، ملک میں آبادی کے تناسب سے پولیس کی تعداد بہت کم ہے۔ اسلام آباد پولیس لائنز میں ملک بھر سے آئے ہوئے 2 خواتین سمیت 37 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے خطاب میں کہا کہ جرائم پیشہ عناصر ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں، اس کا مقابلہ کرنے کیلئے ہماری پولیس کو سائبر کرائمز کے حوالے سے تربیت دی جائے گی، جس کیلئے پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں آئی ٹی ڈپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک میں آبادی کے تناسب سے پولیس کی نفری بہت کم ہے، پولیس کو ریسکیو آپریشن، دہشت گردی کے خلاف آپریشن، سیکیورٹی انتظامات، ہنگامی صورتحال اور تحقیقات کرنے سمیت بہت سے ایسے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے جو اس کے کام نہیں۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہمیں فنڈز کی کمی کا سامنا ہے لیکن پولیس کی نفری میں اضافے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اس موقع پر وزیر داخلہ نے پولیس اکیڈمی کے ٹرینرز کے الاوٴنس میں 25 فیصد اضافے کا اعلان کیا۔

مزید خبریں :