27 اپریل ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہمیں اخلاقیات کا درس دینے والے خود اخلاقیات کا مظاہرہ کریں، پیپلزپارٹی کے پاس اسٹریٹ پاور ہے مگر ہم عدالتوں سے لڑنے والے نہیں، آئین اور قانون کے تحت چلنا چاہتے ہیں اور وہ پہلے کی طرح نوازشریف کو منالیں گے۔پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے سوشل سائنسز پر ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ نوازشریف نے طیارہ سازش کیس میں 9 سال بعد ریویو فائل کرکے ریلیف لیا، ہمیں بھی انصاف کی توقع ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہیں توقع ہے نوازشریف کی جماعت نے ماضی سے سبق سیکھا ہوگا، ماضی کی سیاست اور عدالت کا کندھا استعمال نہ کیا جائے، ماضی میں کس نے عدالت کی اینٹ سے اینٹ بجائی،ہم ایسا کرنے والے نہیں۔ قمر زمان کائر ہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف ماضی میں ایک مرتبہ بھی عدالت میں پیش ہونے کو تیار نہیں تھے جبکہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کئی مرتبہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عدالتوں کی نئی شکلیں بناسکتا اور تعداد میں کمی بیشی کرسکتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے پاس اسٹریٹ پاور ہے مگر ہم عدالتوں سے لڑنے والے نہیں، آئین اور قانون کے تحت چلنا چاہتے ہیں اور وہ پہلے کی طرح نوازشریف کو منالیں گے۔