28 اپریل ، 2012
کراچی…افضل ندیم…کراچی کے علاقے لیاری میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے اس دوران علاقے میں شدید فائرنگ، دستی بموں اور راکٹوں کے حملوں میں مزید دو افراد ہلاک ، پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد زخمی ہوگئے۔آپریشن کی نگرانی کرنے والے ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق آج دوسرے روز بھی پولیس اور ایف سی کو کارروائی کے دوران شدید مزاحمت کا سامنا ہے، ملزمان نے متعدد آر پی جی سیون راکٹ فائر کیے ہیں جبکہ دھماکا خیزمواد اور دستی بموں کے حملے بھی کیے جارہے ہیں اور شدید فائرنگ کی آوازیں بھی مسلسل آرہی ہیں۔ لیاری میں کاروبار بند ہے۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی اسلم چوہدری کے مطابق اطلاعات ہیں کہ فائرنگ کے تبادلے میں پولیس کو مطلوب ملا نثار کا بھائی سہیل بھی کارروائی کے دوران ہلاک ہوا ہے تاہم ایسی کوئی لاش سول یا اور کسی اسپتال میں نہیں لائی گئی۔ سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر نثار علی شاہ کے مطابق آج صبح سے اب تک دو افراد لقمان ولد عبدالمجید اور عبدالواحد کی لاشیں جبکہ پولیس اہلکارضمیر حسین زرداری اور عامر حسین کے علاوہ اعجاز بلوچ، امجد حسین، سہیل، ثناء سمیت 8زخمی افراد اسپتال لائے گئے۔لیاری گزشتہ روز بھی میدان جنگ بنا رہا تھا، اس دوران فائرنگ اور دہشت گردی میں 9افراد ہلاک ہوئے تھے۔