پاکستان
17 جنوری ، 2017

اعزاز چوہدری واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر مقرر

اعزاز چوہدری واشنگٹن میں پاکستان کے سفیر مقرر

 

مونا خان...دفتر خارجہ میں اعلیٰ سطح پر تبادلے سامنے آئے ہیں،سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری واشنگٹن میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کے بطور واشنگٹن میں پاکستان کے نئے سفیر تبادلےکی سمری منظور کر لی گئی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سیکریٹری خارجہ کے لیے وزیر اعظم کو سمری ارسال کردی ہے، سیکریٹری خارجہ کےلیے سمری میں عبدالباسط ،سید ابن عباس اور تہمینہ جنجوعہ کا نام بھی شامل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالباسط بھارت اورسید ابن عباس برطانیہ میں ہائی کمشنر ہیں جبکہ تہمینہ جنجوعہ جنیوا میں مستقل مندوب کی حیثیت سے فرائض انجام دےرہی ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ خواجہ معاذ طارق بھارت میں پاکستان کے نئے پریس اتاشی مقرر کیے گئے ہیں، بھارت میں موجودہ پریس اتاشی منظور میمن فروری کے پہلے ہفتے واپس پاکستان آئیں گے۔

سفارتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خواجہ معاذ طارق کل کی فلائٹ سے دہلی روانہ ہوں گے،طارق خان نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں نئے پریس منسٹر مقرر کیے گئے ہیں جو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں ڈی جی ہیں۔

مزید خبریں :