پاکستان
24 جولائی ، 2017

چوہدری نثار کابینہ یا پارٹی چھوڑ کر نہیں جارہے، ترجمان وزیراعظم ہاؤس

چوہدری نثار کابینہ یا پارٹی چھوڑ کر نہیں جارہے، ترجمان وزیراعظم ہاؤس

ترجمان وزیراعظم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نہ تو عہدہ چھوڑ رہے ہیں اور نہ ہی پارٹی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری جماعت ہے جس میں اختلاف رائے سب کا حق ہے اور اگر چوہدری نثار نے اپنے خیالات کا اظہار کیا تو برا کام نہیں کیا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار وزیراعظم کے مخلص ساتھی اور پرانے رفیق ہیں اس لئے وہ نہ تو پارٹی چھوڑ رہے ہیں اور نہ عہدہ اس لئے وہ ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔

مصدق ملک کے مطابق چوہدری نثار جو بات بھی کرتے ہیں وہ حکومت، وزیراعظم اور پارٹی کے مفاد میں کرتے ہیں۔

وزیراعظم کے استعفے سے متعلق ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے لئے نئے ناموں کے سوال پر کہتا ہوں کہ تین ناموں پر اتفاق ہے اور وہ ہے نواز شریف، نواز شریف اور نواز شریف، وزیراعظم کسی  صورت استعفیٰ نہیں دیں گے اور 4،4 سیٹیں رکھنے والی بونی جماعتوں کے کہنے پر استعفے کا جواز بھی نہیں بنتا۔

خیال رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے پارٹی قیادت سے اختلافات کے بعد گزشتہ روز شیڈول پریس کانفرنس آج کے لئے ملتوی کردی تھی جب کہ امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ عہدے سے استعفے کا اعلان کریں گے۔

مزید خبریں :