26 اپریل ، 2024
کراچی: حکومت سندھ نے ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول کے سیکرٹری سلیم راجپوت اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں شرجیل میمن کا کہنا تھا ٹیکس چور ملکی خوشحالی کے دشمن ہیں، ان کو بخشا نہیں جائے گا، ٹیکس چوروں کے نام اخبارات میں شائع کیے جائیں گے۔
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا ٹیکس چوروں کے اکاؤنٹ منجمد کرنے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔
اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے صوبے میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لانے کی ہدایات کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا منشیات فروش ملک و قوم کے مستقبل کے دشمن ہیں، منشیات فروشوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا پولیس کے قابل افسران اور جوانوں کو ڈیپوٹیشن پر محکمہ ایکسائز میں لایا جائے گا، ابتدائی طور کراچی اور حیدرآباد میں افسران ڈیپوٹیشن پر ایکسائز میں لائے جائیں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنی ہیں، متعلقہ ادارے تعاون کریں گے، منشیات فروشوں کی پراسیکیوشن اور انویسٹی گیشن مضبوط کی جائے۔
اجلاس میں بہترین کارکردگی والے افسران اور مخبروں کو انعامات دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
اس کے علاوہ اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور منتقلی بائیومیٹرک کے تحت کرنے کی تجویز دی گئی اور محکمہ ایکسائز سے متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔