Can't connect right now! retry
Advertisement

پاکستان
13 اگست ، 2017

کراچی :وین میں آگ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

کراچی کے علاقے گارڈن میں چڑیا گھر کے قریب وین میں آگ لگنے سے پکنک پر جانے والے ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے شکار 4 زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔

پولیس کے مطابق وین میں آگ بھڑکنے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم وین میں موجود دونوں سلنڈر درست حالت میں ہیں اور بظاہر لگتا ہے آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 45 سالہ محمد سلیم، نیلوفر، مہوش، بینش، 14 سالہ شہریار اور 2 سالہ عبدالہادی شامل ہیں۔

حادثے میں بچ جانے والے ایک بچے کا کہنا تھا کہ وین میں پہلے آگ لگی جس کے بعد وہ نیچے اترا اور دروازہ کھول کر باقی افراد کو نکالنا چاہتا تھا کہ اچانک دھماکا ہوا اور وین میں آگ بھڑک اٹھی۔

وین میں سوار افراد گارڈن کے رہائشی بتائے جاتے ہیں جو پکنک کے لئے جانے کی تیاری کر رہے تھے اور حادثے کے وقت وین میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد موجود تھے۔

موقع پر موجود افراد نے شکوہ کیا کہ بروقت اطلاع دیئے جانے کے باوجود فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر نہیں پہنچا جس کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان ہوا۔

پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں شواہد اکٹھا کرنے شروع کردیئے ہیں ۔

Advertisement