اینڈرائیڈ ڈیوائسز کی تمام ایپس کو ڈارک موڈ پر سوئچ کرنے کا فیچر

یہ فیچر اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ اتھارٹی
یہ فیچر اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم میں دستیاب ہوگا / فوٹو بشکریہ اینڈرائیڈ اتھارٹی

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو اسمارٹ فون بیٹری کی زندگی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

اس فیچر سے اینڈرائیڈ فونز کی تمام ایپس کو ڈارک موڈ پر سوئچ کرنے پر مجبور کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ڈارک موڈ ایسا آپشن ہے جو کسی آپریٹنگ سسٹم یا ایپ کی کلر اسکیم کو بلیک یا گہری رنگت سے بدل دیتا ہے۔

بیٹری لائف میں ڈارک موڈ سے بہتری آئے یا نہ آئے مگر یہ آنکھوں کے لیے بہتر ہوتا ہے کیونکہ اسکرین کی روشنی سے بینائی پر پڑنے والا دباؤ کم ہوجاتا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم کے بیٹا ورژن میں ایک خفیہ سیٹنگ موجود ہے جس کے ذریعے تمام ایپس کے لیے ڈارک موڈ کو ان ایبل کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ اینڈرائیڈ 15 آپریٹنگ سسٹم کو ابھی متعارف نہیں کرایا گیا بلکہ اسے آئندہ چند ماہ بعد صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اس فیچر کے تحت ایسی ایپس بھی ڈارک موڈ پر سوئچ ہو جائیں گی جن میں یہ سپورٹ موجود نہیں ہوگی اور اینڈرائیڈ فون میں مکمل ڈارک موڈ کا استعمال ممکن ہو جائے گا۔

اس فیچر تک رسائی اینڈرائیڈ 15 پر کام کرنے والے فونز کی سیٹنگز میں سسٹم اور پھر ڈویلپر آپشن میں جاکر ممکن ہوگی۔

اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر لکھا آئے گا کہ اس سے کچھ ایپس میں ڈسپلے ایشوز کا سامنا ہو سکتا ہے۔

یہ نیا فیچر ڈویلپر کی بجائے صارفین کے لیے تیار کیا گیا ہے مگر اب بھی اسے مثالی قرار نہیں دیا جا سکتا۔

اس بارے میں مزید تفصیلات گوگل کی مئی میں شیڈول سالانہ کانفرنس میں جاری کیے جانے کا امکان ہے۔