نوازشریف کی پارٹی اجلاسوں کی صدارت: چیرمین (ن) لیگ سے جواب طلب


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نوازشریف کی نااہلی کے بعد بھی پارٹی اجلاسوں کی صدارت کرنے سے متعلق درخواستوں پر مسلم لیگ ن کے چیرمین سے جواب طلب کرلیا۔

جیونیوز کے مطابق الیکشن کمیشن میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد، عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈا پور اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے رکن نیاز انقلابی کی جانب سے درخواستیں دائر کی گئی ہیں جنہیں الیکشن کمیشن نے یکجا کرکے سنا۔

درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا کہ نوازشریف اب نااہل ہوچکے ہیں اس لیے وہ پارٹی کی صدارت نہیں کرسکتے جب کہ انہوں نے مختلف اجلاسوں کی صدارت کی ہے جس میں اہم فیصلے بھی کیے گئے۔

درخواستوں میں مزید کہا گیا ہےکہ مسلم لیگ (ن) نوازشریف کے نام پر رجسٹرڈ ہے اور ان کے نااہل ہونے کے بعد پارٹی مسلم لیگ نواز کے نام سے نہیں چل سکتی۔

الیکشن کمیشن میں بابر اعوان نے دلائل دیئے جس کے بعد کمیشن نے  چیرمین مسلم لیگ (ن) راجہ ظفر الحق کو نوٹس جاری کردیا جس میں ان سے 13 ستمبر تک جواب طلب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ (ن) نے سردار یعقوب ناصر کے بطور قائم مقام صدر کے انتخاب سے الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کیا ہے اور 45 روز میں پارٹی کے مستقل صدر کے انتخاب کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ 

واضح رہےکہ پاناما کیس کے فیصلے کے بعد میاں نوازشریف پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 کے تحت کسی سیاسی جماعت کی سربراہی نہیں کرسکتے۔

مزید خبریں :