پاکستان
Time 06 ستمبر ، 2017

خیبرپختونخوا حکومت کا ایم ڈی خیبربینک کو فارغ کرنے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے خیبر بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر شمس القیوم کو عہدے سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں خیبر بینک کے ایم ڈی کو عہدے سے ہٹانے سمیت کئی پالیسیوں کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ کے مطابق ایم ڈی خیبر بینک نے وزیر کے خلاف اخبار کو اشتہار دے کر ملازمتی معاہدے کی خلاف ورزی کی جب کہ شمس القیوم کو 7 دن میں پوزیشن کلئیر کرنے کے لئے نوٹس جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

ایم ڈی خیبر بینک نے وزیر خزانہ مظفر سید کے خلاف اخبار میں اشتہار چھپوایا تھا جس میں وزیر خزانہ پر کرپشن اور اقربا پروری کے الزامات لگائے گئے تھے۔

خیبر پختونخوا کابینہ نے پشاور ترقیاتی ادارے کے لئے قانون سازی اور کوہستان میں بلدیاتی فنڈز خرچ کرنے کے لئے بھی قانون سازی کی منظوری دی۔

صوبائی کابینہ اجلاس میں محکمہ جنگلات و ماحولیات کے لئے موسمیاتی تبدیلی کی پالیسی کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید خبریں :