پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2017

این اے 120 سے لوگ غائب کیے گئے:نواز شریف

نواز شریف کی فائل فوٹو— اے پی پی

سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہیں شکایات آ رہی ہیں کہ این اے 120 میں ان کی جماعت کے لوگ غائب کیے گئے ہیں۔

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں آج ضمنی انتخابات منعقد ہوئے جس میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔

اس حلقے سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز مسلم لیگ ن کی امیدوار ہیں تاہم وہ کینسر کے علاج کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں اور ان کی انتخابی مہم ان کی بیٹی مریم نواز نے چلائی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ مریم نوازنےاین اے120 میں بہت اچھی مہم چلائی، لیکن کل سے انہیں شکایات آ رہی ہیں کہ این اے 120 سے لوگوں کو غائب کیا جا رہا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ کلثوم نواز کا لندن میں ابھی علاج چل رہا ہے اور آئندہ دنوں میں ان کی مزید سرجری ہو گی۔

یاد رہے کہ این اے 120 کی نشست پر 2013 کے عام انتخابات میں نواز شریف منتخب ہوئے اور وزیراعظم بنے تاہم پانامہ لیکس کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے انہیں نااہل قرار دیا گیا جس کے بعد یہ نشست خالی ہو گئی تھی۔

مسلم لیگ ن کی قیادت نے اس نشست سے نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کو اپنا امیدوار نامزد کیا تھا اور سیاسی پنڈتوں کے مطابق وہ اس نشست پر باآسانی کامیابی حاصل کر لیں گی۔

مزید خبریں :