LIVE

فیکٹ چیک: پاکستانی کرکٹ فین کی T20 ورلڈ کپ میں شکست کے بعد خود سوزی کی کوشش کی ویڈیو؟

جیو فیکٹ چیک
June 20, 2024
 

یہ فوٹیج دراصل ایک پرینک ویڈیو سے لی گئی ہے جسے 17 مئی کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔

وارننگ: یہ آرٹیکل ایسی تصاویر اور معلومات پر مشتمل ہے جو کچھ قارئین کے لیے پریشان کن ہو سکتی ہیں۔ ناظرین کو احتیاط کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ایک وائرل ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کو گمراہ کر دیا ہے جس میں پاکستانی کرکٹ مداح کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اس نے 9 جون کو T20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت سے شکست کے بعد خود سوزی کرنے کی کوشش کی۔

دعویٰ

11 جون کو ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر X, جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر گردش کر رہی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک پاکستانی کرکٹ فین کو بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی شکست پر خود کو آگ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

15 سیکنڈ کے کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ ایک شخص خود پر تیل چھڑک رہا ہے اور ماچس سے آگ لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ویڈیو کو 26 لاکھ سے زائد بار دیکھا، 2 ہزار 400 سے زائد مرتبہ دوبارہ پوسٹ اور 15 ہزار سے زائد دفعہ لائک کیا گیا۔

 اسی طرح کے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔

حقیقت

زیر بحث ویڈیو کا تعلق پاکستان اور  بھارت کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ سے نہیں ہے۔ یہ فوٹیج دراصل 17 مئی کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ایک پرینک ویڈیو سے لی گئی ہے۔

ویڈیو کی جامع کی ورڈ اور ریورس امیج سرچ سے پتہ چلا کہ اصل یوٹیوب ویڈیو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ ایک بیٹے کی طرف سے اپنی ماں کے ساتھ کیا گیا مذاق تھا، جس کا کسی کرکٹ میچ یا کسی قومی ایونٹ سے مکمل طور پر کوئی تعلق نہیں تھا۔

تاہم، جیو فیکٹ چیک آزادانہ طور پر ویڈیو کے مقام یا اس کی ریکارڈنگ کی تاریخ کی تصدیق نہیں کر پایا۔

ہمیںGeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheckgeo.tv پر ہم سے رابطہ کریں