LIVE

فیکٹ چیک: سوشل میڈیا پوسٹس میں بلوچستان کو سب سے زیادہ کرپٹ خطہ قرار دیے جانیکا دعویٰ درست نہیں

ثمن امجد,جیو فیکٹ چیک
June 21, 2024
 

متعدد سوشل میڈیا پوسٹس میں یہ غلط الزام لگایا گیا ہے کہ برلن میں قائم کرپشن کے خلاف کام کرنے والی عالمی سول سوسائٹی کی تنظیم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کو براعظم ایشیا کا سب سےکرپٹ خطہ قرار دیا ہے۔

دعویٰ

7 جون کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم X ، (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیاجس میں کہا گیا ہے کہ ” بلوچستان والوں کو پہلی پوزیشن مبارک ہو،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مطابق بلوچستان حکومت جس میں حاجی صاحبان اور سردار اور نواب صاحبان کی موجودگی میں پورے ایشیاء میں کرپٹ ترین صوبہ قرار پایا ہے۔“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ2 ہزار 293 سے زیادہ مرتبہ دیکھا ،278 بار لائک اور 175سے زائد دفعہ ری پوسٹ کیا گیا ہے۔

فوٹو: اسکرین گریب

اسی طرح کے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کئے گئے۔

حقیقت

جرمنی میں قائم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل اور نہ ہی ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے بلوچستان کو ایشیا یا عالمی سطح پر کرپٹ ترین خطہ قرار دیتے ہوئے کوئی رپورٹ یا سروے جاری کیا۔ 

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے پریس ڈیپارٹمنٹ نے جیو فیکٹ چیک کو ای میل کے ذریعے تصدیق کی کہ تنظیم کی طرف سےنہ تو ایسا کوئی سروےکیا گیا اور نہ ہی اسے جاری کیا گیا ۔

کراچی میں قائم ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے بھی اس دعویٰ کی تردید کرتے ہوئے ایسی کسی بھی رپورٹ کو”جعلی“ قرار دیا اور ایک ای میل کے جواب میں تصدیق کی کہ حال میں یا ماضی میں ان میں سےکسی بھی ادارے کی جانب سے ایسی کوئی رپورٹ یا سروے جاری نہیں کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، جیو فیکٹ چیک کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی آفیشل ویب سائٹ پر ایسے کسی سروے یا رپورٹ کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

ہمیںGeoFactCheck پر فالو کریں۔ اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheckgeo.tv پر ہم سے رابطہ کریں