LIVE

فیکٹ چیک: وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی نے مارگلہ پہاڑی میں آتشزدگی سے متعلق متنازع پوسٹ ڈیلیٹ کی

جیو فیکٹ چیک,محمد بنیامین اقبال
June 21, 2024
 

کچھ پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی نے اپنے X (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر ایک متنازعہ پوسٹ کی اور بعد میں ہٹا دی، جس میں جنگل کی آگ کو خیبر پختونخوا میں دھکیلنے کا کہا گیا تھا۔

دعویٰ سچ ہے۔ پوسٹ شیئر کی گئی اور پھر ڈیلیٹ کر دی گئی۔

دعویٰ

2 جون کو ایک سیاسی رہنما نے وفاقی وزارت برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کی جانب سے مبینہ طور پر ایک پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں لکھا تھا: ”اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ اس وقت اسلام آباد کے جنگلات میں کوئی آگ نہیں ہے، یہ کے پی [خیبر پختونخوا] کے علاقے میں ہے اور مکھڑیال کے گوکینا گاؤں کے شمال میں، ہم نے فائر لائنز بنا دی ہیں اور ہمارے foresters پریقین ہیں کہ وہ اسے مارگلہ میں داخل نہیں ہونے دیں گے اور اسے واپس کے پی کی طرف دھکیل دیں گے۔“

اس سیاستدان نے اسکرین شاٹ پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اسلام آباد کے مارگلہ ہل نیشنل پارک میں گزشتہ دو ہفتوں سے آگ لگی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ”اپنی [وفاقی حکومت کی] نااہلی کو چھپانے کے لیے، موسمیاتی تبدیلی کی وزارت اسے واپس کے پی کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے، واقعی؟“

اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 39 ہزار سے زائد مرتبہ دیکھا، 300 سے زائد بار پوسٹ کیا اور 600 سے زائد دفعہ لائک کیا گیا ہے۔

اس اسکرین شاٹ کو دوسرے X صارفین نے بھی شیئر کیا، اس غصے میں کہ وفاقی حکومت جنگل کی آگ بجھانے میں مدد کرنے کے بجائے انہیں دوسرے صوبے میں ”دھکیلنے“ کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اس طرح کی پوسٹس یہاں، یہاں اور یہاں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔

جب سوشل میڈیا صارفین کو وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے X ہینڈل پر پوسٹ نہیں ملی تو انہوں نے اسکرین شاٹس کی صداقت پر سوال اٹھایا۔

حقیقت

ان معلومات سے واقف دو عہدیداروں نے تصدیق کی کہ یہ پوسٹ واقعی وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ کے آفیشل X اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی لیکن بعد میں اسے ڈیلیٹ کر دیا گیا۔

اس پیشرفت سے واقف ایک اہلکار، جس نے فون پر جیو فیکٹ چیک سے گمنام طور پر بات کی، کہا کہ ''push back to KP side'' والی پوسٹ کرنے کے بعد، وزارت کے حکام کو احساس ہوا کہ یہ الفاظ ٹھیک نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ ”پوسٹ میں ترمیم کرنے کے بجائے، انہوں نے اسے ڈیلیٹ کر دیا، یہ نیک نیتی سے کیا گیا تاکہ پوسٹ کو سیاق و سباق سے ہٹ کر سیاسی ہوا نہ دی جائے۔“

اس کے علاوہ، موسمیاتی تبدیلی کی وزارت کے ایک اہلکار، جس نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کی، نے پوسٹ کو ڈیلیٹ کرنے سے انکار نہیں کیا لیکن جیو فیکٹ چیک سے بات کرتے ہوئے اس کے مواد کا دفاع کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ”آگ کو پیچھے دھکیلنا“ سے مراد آگ بجھانے کی ایک تکنیک ہے جہاں ایندھن کے ذرائع کو ختم کرنے کے لیے جان بوجھ کر آگ کو کنٹرول کیا جاتا ہے، اس طرح جنگل کی آگ کے پھیلاؤ کو روکنے میں رکاوٹ پیدا کی جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”یہ طریقہ عام طور پر گھروں، کمیونٹیز یا قدرتی وسائل کی حفاظت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔“

اس ماہ کے شروع میں، پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مارگلہ ہل کے کچھ حصوں اور صوبہ خیبر پختونخوا کے ایک علاقے میں جنگل میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔

ہمیںGeoFactCheck پر فالو کریں۔ اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheckgeo.tv پر ہم سے رابطہ کریں