LIVE

فیکٹ چیک: پنجاب کے اسپتال میں ڈاکٹر کی بجائے خاکروب نے مریضوں کا چیک اپ کیا

جیو فیکٹ چیک,نادیہ خالد
June 24, 2024
 

آن لائن صارفین کا دعویٰ ہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ہزاروں مرتبہ دیکھی جانے والی ایک ویڈیو میں پنجاب کے شہر وزیر آباد کے ایک اسپتال میں سوئیپر( خاکروب) کو ڈاکٹر بن کر مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ دعویٰ بالکل درست ہے۔

دعویٰ

16 مئی کو ایک صارف نے X، جسے پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر 19 سیکنڈز کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں ایک شخص کو مبینہ طور پر اسپتال میں مریضوں کا معائنہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

سوشل میڈیا صارف نے اس شخص کی شناخت عبدالستار کے نام سے کی، جو پنجاب کے شہر وزیر آباد میں قائم تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) اسپتال میں بطور سوئیپر کام کرتا تھا۔

صارف نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ”وزیر آباد سول اسپتال میں سوئیپر ڈاکٹر بن کر مریض چیک کرتا رہا، سویپر نے مریضوں کو ادویات لکھ کر دیں اور انجکشن بھی لگائے، ویڈیو سامنے آ گئی، عبدالستار ہسپتال میں سویپر تعینات ہے۔“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس ویڈیو کو 1 لاکھ 49 ہزار سے مرتبہ دیکھا اور 1 ہزار سے زائد دفعہ ری پوسٹ کیا جا چکا ہے۔

اسی سے ملتے جلتے دعوے فیس بک پر بھی یہاں اور یہاں شیئر کیے گئے۔

حقیقت

سرکاری حکام اور انکوائری رپورٹ سے اس واقعہ کی تصدیق ہوتی ہے۔

تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حسن طارق نے ٹیلی فون پر جیو فیکٹ چیک کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عبدالستار نامی سوئیپر نے درحقیقت نرسنگ کاؤنٹر پر بیٹھ کر ایک مریض کا بلڈ پریشر چیک کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اور مریض کی ڈرپ بھی ایڈجسٹ کی تھی۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا مزید کہنا تھا کہ اس سوئیپر کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے۔

ویڈیو میں نظر آنے والے سوئیپر عبدالستار نے اس واقعہ کا اعتراف کرتے ہوئے ٹیلی فون پر بتایا کہ اس نے نرسنگ کاؤنٹر پر بیٹھ کر مریضوں کا چیک اپ کیا تھا، جس پر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اس کے ساتھ ساتھ اس ویڈیو کو ریکارڈ کر کے وائرل کرنے والے شخص کو بھی نوکری سے نکال دیا ہے۔

پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر اور اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے سیکرٹری علی جان خان نے بھی جیو فیکٹ چیک کے ساتھ نہ صرف مئی میں پیش آنے والے اس واقعہ کی تصدیق کی بلکہ انکوائری کے بعد اس میں ملوث عملے کے اراکین کو برطرف کئے جانے کی بھی تصدیق کی ہے۔

14 مئی کو وزیر آباد کے تحصیل ہیڈ کوارٹراسپتال کی جانب سے کی جانے والی انکوائری رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ 2 نرسوں نے سویپر کو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کا معائنہ کرنے کو کہا تھا۔

ہمیںGeoFactCheck پر فالو کریں۔اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheckgeo.tv پر ہم سے رابطہ کریں۔