LIVE

فیکٹ چیک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پنجابیوں کو صوبے سے بے دخل کرنے کا کوئی بیان نہیں دیا

ثمن امجد,جیو فیکٹ چیک
June 27, 2024
 

سوشل میڈیا پر ایک مبینہ اسکرین شاٹ بڑے پیمانے پر شیئرکیا جا رہا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ نے پنجاب کے باشندوں کو اپنے صوبے سے نکالنے کا اعلان کیا ہے۔

دعویٰ غلط ہے۔

دعویٰ

22 جون کو X (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ایک گرافک شیئر کیا جس میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے ایسا کوئی بیان دیا تھا۔ اس گرافک میں وزیر اعلیٰ کی اردو تحریر کے ساتھ ایک تصویر بھی شامل ہے جس میں لکھا ہے:”پنجابی ایک غلیظ قوم ہے ہمارے صوبے سے دفع ہو جائیں، وزیراعلی کے پی کے علی امین گنڈاپورکا کے پی سے تمام پنجابیوں کو نکالنے کا اعلان“

اس نیوز آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 13 ہزار سے زائد بار دیکھا اور100 سے زائدمرتبہ ری پوسٹ کیا گیاہے۔

حقیقت

صوبہ خیبرپختونخوا کے تین اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے اس بات کی تردید کی ہے کہ وزیراعلیٰ نے پنجابیوں کو بے دخل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے جیو فیکٹ چیک کو میسجز کے ذریعے واضح کیا کہ آن لائن دعوے ”جعلی“ ہیں۔

محکمہ اطلاعات خیبرپختونخوا کے سیکرٹری ارشد خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پریس سیکرٹری زر ولی نے بھی بتایا کہ علی امین گنڈا پور کی جانب سے ایسا کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا۔

زرولی نےجیو فیکٹ چیک سےٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے بتایاکہا، ”دعوے بالکل جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔“

اس کے علاوہ، جیو فیکٹ چیک نے علی امین گنڈا پور کےسوشل میڈیاپر گردش کرنے والے مبینہ بیان کی صداقت جاننے کے لیے آن لائن سرچ کی مگر مارچ میں علی امین گنڈا پور کے بطور وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک کسی بھی با وثوق خبر رساں ادارہ نے وزیر اعلی کے کسی بھی ایسے بیان کو رپورٹ یا نشر نہیں کیا۔

ہمیںGeoFactCheck پر فالو کریں۔

اگرآپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو geofactcheckgeo.tv پر ہم سے رابطہ کریں۔