18 فروری ، 2015
اسلام آباد........ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے مسجدو امامبارگاہ قصر سکینہ ؑ شکریال میں مغربین کے نمازیوں پر دہشتگرد حملے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت گاہوں اور بیگناہ انسانوں کو نشانہ بنانے والے بے دین اور دشمنانِ انسانیت ہیں۔ایک بیان میں انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ساٹھ کالعدم گروپوں اور انکے پشت پناہ بڑے مگرمچھوں کو فوری طور پر آہنی شکنجے میں جکڑے‘ دہشتگردی کے ناسور سے نجات اور افواجِ پاکستان کے آپریشن کی کامیابی کیلئے جمعہ کو یوم دعا کے موقع پر خدائے رحمن و رحیم کی بارگاہ میں محمد و آل محمد ؐ کا واسطہ دیکر رحم کی بھیک مانگی جائے ‘حکومت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد تیز کرے اور دہشتگرد وں کی صحیح معنوں میں چھان بین کیلئے ملک گیر ضرب عضب آپریشن کیا جائے۔انھوں نے اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ پوری دنیا دہشتگردی کے حصار میںہے‘ وطن عزیزایٹمی قوت اور اسلام کا قلعہ ہونے کے ناطے شیطانی قوتوں کا اولین ٹارگٹ ہے ‘عالمی استعمار کے پٹھوہمارے ازلی دشمن نے اپنے آقائوں کے اشاروں پر پاکستان کو میدانِ جنگ بنا رکھا ہے جس نے ہماری کمر میں خنجر گھونپنے کا کوئی موقع ہاتھ سے ضائع نہیں جانے دیا۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان میں ہونیوالی دہشتگردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت لے کر عالمی عدالت میں جائے اوربھارتی شر انگیزیوں کو اقوام متحدہ میں اٹھائے۔امامبارگاہ قصر سکینہ شکریال حملے کے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مجرموں کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچائے ۔دریں اثنا تحریک نفاذفقہ جعفریہ پاکستان کی یوم دعا کمیٹی کے کنوینر علامہ سید محسن علی ہمدانی نے کہاہے کہ سانحہ شکریال کو سفاکیت و بربریت قراردیتے ہوئے اس کی پرزورمذمت کی ہے ۔