کھیل
20 فروری ، 2015

ورلڈکپ :انگلینڈ آئو ٹ کلاس،نیوزی لینڈ کی 8وکٹوں سے جیت

ورلڈکپ :انگلینڈ آئو ٹ کلاس،نیوزی لینڈ کی 8وکٹوں سے جیت

ویلنگٹن ......ورلڈ کپ کرکٹ میں گروپ اے کے اہم میچ میں کیویز نے انگلش ٹیم کو کھیل کے ہر شعبے میں آئوٹ کلاس کردیا، پہلے کیوی بالرز نے انگلش بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا پھر بیٹسمینوں نے بالرز کی خوب پٹائی کی اور بآسانی میچ اپنے نام کرلیا۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، انگلش اوپنر این بیل 8 رنز بنا کر ٹم ساوتھی کا شکار بنے۔ معین علی بھی زیادہ دیر کریز پر ٹک نہ سکے اور 20 رنز بنا کر آئو ٹ ہوگئے ۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ اس وقت گری جب گیری بیلنس 10 رنزبناکرآؤٹ ہوئے۔انگلش کپتان ایون مورگن 17 رنز ہی بنا سکے۔جیمز ٹیلر بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔انگلینڈ کی طرف سے جو روٹ نے70گیندوں پر 46رنز کی ذمہ دارانہ اننگ کھیلی مگر دوسرے اینڈ سے وکٹیں تیزی سے گرتی رہی اورپوری ٹیم 33اعشاریہ 2اوورز میں 123رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم سائوتھی نے 9اوورز میں 33رنز دے کر 7وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیریئر کے بہترین بالنگ ہے۔ جواب میں کپتان مک کولم کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کیوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف صرف 12اعشاریہ 2اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔مک کولم نے صرف 40گیندوں پر 77رنز بنائے ، جس 7چھکے اور 8چوکے شامل ہیں۔ٹم سائوتھی کو کیریئر بیسٹ بالنگ پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :