20 فروری ، 2015
اسلام آباد.......قائدملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی کال پردہشت گردی کیخلاف اورافواج پاکستان کے ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے جمعہ کو ’’یوم دعا ‘‘ ملک بھرمیںمذہبی و قومی جذبے کیساتھ منایا گیا۔ اس موقع پرامن احتجاجی مظاہرے ہوئے اورریلیاں نکالی گئیں، اسلام آبادسمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں اورقصبوں میں دعائیہ اجتماعات اوردہشت گردی کیخلاف پرامن احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ جامع مساجد میںآئمہ کرام ،خطباء نے خطباتِ جمعہ دیتے ہوئے وطن عزیز میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جار ی عساکر پاکستان کے آپریشن کی کامیابی کیلئے دعائیںکیں۔اسلام آباد میں ’’یوم دعا‘‘ کی مرکزی ریلی ٹی این ایف جے فیڈرل کپٹیل کونسل کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب کے سامنے ہوئی جس کی قیادت علامہ راجہ بشارت حسین امامی ،علامہ ہاشم حقانی ، علامہ گفتارصادقی ، علامہ سیدفخرعباس عابدی ، ذوالفقارعلی راجہ ، سیدنعیم کاظمی اوردیگرشیعہ سنی اکابرین نے کی۔ذوالفقارراجہ نے دعائیہ ریلی کے شرکاء کے سامنے قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کاخصوصی پیغام پیش کیاجس میں انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان اسلامی تشخص ، پاکستانی سا لمیت بچانے کیلئے میدان عمل میں ہیں پوری قوم عساکر پاکستان کی پشت پر سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑی ہے ۔افواج حیدری جذبے سے مرحبی و بولہبی دہشت گرد عناصر کو کچل کر رکھ دیں گی ،پاکستان کا ہر غیور شہری دل وجان سے افواج پاکستان کے ساتھ ہے ،ضرب عضب آپریشن کی تقویت کیلئے حکومت معاشرے میں موجوددوسرے ممالک سے سرمایہ لے کر پا ک سرزمین کو چھلنی کر نے والے عناصر کی سرکوبی کرے اور کالعدم تنظیموں کو نکیل ڈالے ۔اس موقع پر پیش کردہ ایک قرارداد میں سانحہ شکریال کے پس پردہ اصل قوتوں کو بے نقاب کرنے او ر بیگناہ انسانوں کے قتل عام میں ملوث دہشتگرد وں کے سرپرستوں کو شکنجے میں جکڑنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ حکومت کی جانب سے شہدائے سانحہ قصر سکینہ شکریال کے متاثرین کیلئے کسی قسم کا اعلان نہ کرنے پر اظہار افسوس کیا گیا ۔