22 فروری ، 2015
کوئٹہ .....بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بارش نے موسم مزید سرد کردیا ہے۔ بالائی علاقوں میں جمی برف ٹھنڈے موسم کومزید ٹھنڈا کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کردی ہے۔بلوچستان میں ہفتے سے ہی موسم سہنانا تھا،پشین ، مسلم باغ اور کان مہتر زئی میں وقفے وقفے سے بارش نے جاتی سردی کو واپس بلا لیا ۔چمن اور قریبی علاقوں میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں جو کسی بھی وقت برس سکتے ہیں ۔گلگت بلتستان ،کرم ایجنسی ،کشمیر اورمری کے پہاڑوں پر جمی برف نے موسم کو ٹھنڈا کر رکھا ہے ۔ٹھنڈے ٹھندے موسم میں گرما گرم چائے اور سوپ خوب لطف دےرہی ہے ۔پنجاب میں بھی موسم سرما کی لہر برقرار ہے ،سندھ والوں کےلئے دن گرم اور راتیں ہی ٹھنڈی رہ گئی ہیں ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام سے منگل تک بلوچستان کے شمالی علاقوں کوئٹہ ،ژوب اور قلات ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔مالاکنڈ ،ہزارہ ،پشاور ،گلگت بلتستان ،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی سلسلوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔