پاکستان
03 مارچ ، 2015

نابینا افراد کا پنجاب اسمبلی کے احاطے میں احتجاج جاری

نابینا افراد کا پنجاب اسمبلی کے احاطے میں احتجاج جاری

لاہور........لاہور میں نابینا افراد کا پنجاب اسمبلی کے احاطے میں احتجاج دوسرے روز بھی جاری ہے۔حکومتی نمائندوں نے آج بھی ملاقاتوں میں یقین دہانیاں کرائیں مگر نابینا افراد کسی ٹھوس احکامات تک اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔ نابینا افراد اپنے مطالبات منوانے کیلئے کچھ ایسے پرعزم اور پرامید کہ رات پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر گزار دی۔ حکومتی نمائندے زعیم قادری سے گذشتہ روز کے مذاکرات سے کچھ ایسے مایوس کہ آج یہ کہہ کر ان سے بات کرنے سے انکار کر دیا کہ انہیں تو مکرجانے کی عادت ہے۔آج پنجاب اسمبلی کا اجلاس تھا،جب بھی حکومتی ارکان پہنچتے،حکومت مخالف نعروں کا سامنا کرنا پڑتا۔ قائم مقام اسپیکر آئے تو بغلی گیٹ سے اندر جانا پڑا۔وزیر داخلہ شجاع خانزادہ نے مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، مگرنابینا افراد سابقہ وعدوں سے ایسے ڈرے ہوئے کہ باقاعدہ احکامات کے سوا کوئی بھی بات ماننے سے گریزاں۔محض باتوں، وعدوں سے مایوس نابینا افراد نے عقبی اور مرکزی دروازوں سےاسمبلی کے اندر جانے کی کوشش کی تو پولیس دیوار بن گئی۔نابینا افراد سے زور آزمائی ہی نہیں ہاتھا پائی بھی کی۔دھکے بھی دئیے ۔صورتحال سے حکومتی ایوانوں کو کچھ فکر ہو ئی تونابینا نمائندوں کوایوان وزیر اعلیٰ بلا لیا۔ بصارت سے محروم افراد سے بصیرت کے دعوےداروں کی بات چیت جاری ہیں۔دیکھیں،بیل منڈھے چڑھتی ہے یا ،پھر ،ڈھاک کے وہی تین پات ۔

مزید خبریں :