پاکستان
06 مئی ، 2012

جس دن عدلیہ تباہ ہوئی اس دن جمہوریت بھی تباہ ہوجائیگی، عمران خان

جس دن عدلیہ تباہ ہوئی اس دن جمہوریت بھی تباہ ہوجائیگی، عمران خان

اسلام آباد … پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف حکومت کیخلاف سنجیدہ ہیں تو اسمبلیوں سے استعفیٰ دے کر باہر آجائیں، یوسف رضا گیلانی سوئس بینک کو خط کیوں نہیں لکھتے، وہ سب سے بڑے ڈاکو اور چور کے پیسے بچانے پر تلے ہوئے ہیں، موجودہ حکمرانوں کا وقت ختم ہوگیا، اب نیا پاکستان بننے جارہا ہے، حکومت نے عدلیہ کا کہنا نہ مانا تو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کریں گے، جس دن ہماری عدلیہ تباہ کردی، اس دن جمہوریت بھی تباہ ہوجائے گی، پاکستان کا کرپٹ مافیا کبھی چیف جسٹس کو آزاد نہیں رہنے دے گا۔ اسلام آباد میں عدلیہ اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ آج ہم ایک نیا پاکستان بنانے کیلئے جمع ہوئے ہیں، نئے پاکستان کی بنیاد آزاد عدلیہ پر رکھی جائے گی، جو لوگ ظلم کا نظام بچانا چاہتے ہیں وہ عدلیہ کو آزاد نہیں ہونے دیں گے، ظالم کبھی بھی عدلیہ کو آزاد نہیں رہنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کرپٹ مافیا کبھی چیف جسٹس کو آزاد نہیں رہنے دے گا، جس دن ہماری عدلیہ تباہ کردی، اس دن جمہوریت بھی تباہ ہوجائے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ یوسف رضا گیلانی سوئس بینک کو خط کیوں نہیں لکھتے، وزیراعظم ایک مجرم ، چور اور سب سے بڑے ڈاکو کا پیسہ بچارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی ایک وقت کا کھانا نہیں کھا سکتا، آج کی ریلی سونامی مارچ کی تیاری ہے، حکومت نے عدلیہ کاکہنا نہ مانا تو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مارچ کریں گے۔ سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ نواز شریف جانتے ہیں کہ ان کا لانگ مارچ راوی سے آگے نہیں جائے گا، اگر وہ حکومت کے خلاف سنجیدہ ہیں تو اسمبلیوں سے استعفیٰ دے کر باہر آئیں، پنجاب میں انتخابات ہوں گے تو پورے ملک میں ہوں گے، پنجاب ملک کا 60 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کاغذی نہیں اصلی شیر بنیں، اگر وہ شیر ہیں تو کوئٹہ اور کراچی میں جاکر جلسہ کریں۔ عمران خان نے امریکی ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذمہ دار صدر زرداری ہیں کیونکہ اس وقت ملک میں کوئی وزیراعظم نہیں ہے۔

مزید خبریں :