07 مئی ، 2012
لاہور… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ امن کی آشا کے تحت منعقدہ بزنس کانفرنس سے دونوں ممالک میں امن کا عمل آگے بڑھے گا۔ وہ جنگ گروپ اور ٹائمز آف انڈیا کے زیر اہتمام امن کی آشاکے کے حوالے سے منعقدہ 2روزہ بزنس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ کانفرنس میں دونوں ممالک کے ٹاپ بینکرز ،صنعتکار اورسیاسی قائدین شرکت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ امن کی آشا میں شرکت میرے لئے اعزاز کی بات ہے اور اس کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنس سے دونوں ممالک میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کے لئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے خطے میں امن ضروری ہے اورعلاقائی مسائل کے خاتمے سے ترقی میں تیزی حاصل کی جاسکتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں تلخیوں سے دونون ممالک کے عوام متاثر ہوئے لیکن اب غربت اور بیماری کو اس خطے کا مقدر نہیں ہونا چاہیئے، باہمی تعاون غربت کے خاتمے کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مل کر ترقی کی راہ میں حال رکاوٹوں کو دور کیا جاسکتا ہے، ہمارا خطہ ترقی کا انجن ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کانفرنس سے دونوں ممالک میں امن کا عمل آگے بڑھے گا، پچھلے ایک سال میں دونوں ممالک میں تعلقات تیزے سے بہتر ہوئے ہیں اور بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات ہمارا ہدف ہیں۔