20 اپریل ، 2015
کراچی.........ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ میرے خطاب پر تنقید کی گئی ہے اور کہا گیا کہ میں خطاب میں روتا ہوں اور گانا گاتا ہوں۔ الطاف حسین نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنےمحبوب کرکٹر کو بتانا چاہتا ہوں، جب بچہ دنیا میں آتا ہے تو روتے ہوئے آتا ہے، عمران خان اپنے گناہوں کی تلافی کرلیں، خان صاحب اربوں لوگوں میں واحد آدمی ہیں، جو ہنستے ہوئے پیدا ہوئے۔ متحدہ کے قائد کا کہنا تھا کہ مجھے سروں سے بہت محبت ہے، جسے سروں سے پیار نہیں وہ انسان ہی نہیں ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آپ اپنی عزت بچالیں اور کنور نوید جمیل کے حق میں دستبردار ہوجائیں۔ دوسری جانب این اے246 سے ایک آزاد امیدوار محفوظ یار خان ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوگیا ہے۔ اس موقع پر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ امیدوار کا ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہونا حق پرستی کی فتح ہے، ہمارے امیدوار کے حق میں دستبردار ہونے پر محفوظ یار کے مشکور ہیں، تحریک میں شامل افراد ہمارے مقصد کو پایہ منزل تک پہنچائیں گے، محفوظ یار خان صاحب کو ایم کیو ایم میں خوش آمدید کہتا ہوں اور کنور نوید جمیل اور محفوظ یار عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ این اے 246 کے انتخابات سے دستبردار ہونے والے آزاد امیدوار محفوظ یار خان نے اس موقع پر ایم کیو ایم میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا اور کہا کہ یقین ہے کہ کنور نوید حلقے کے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے، حلقے میں تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے ایم کیو ایم کی مدد درکار ہے، ڈسٹرکٹ سینٹرل میں میڈیکل کالج قائم کرنا میرا خواب ہے، آج الطاف بھائی کے بیان کے بعد میں حق پرست بن گیا ہوں، گزشتہ 50سالوں سے حق پرست نہیں بن سکا تھا۔ انکا مزید کہنا تھا کہ عمران خان تمھاری ضمانت ضبط ہوجائے گی، عمران خان تمھاری تینوں وکٹیں گر جائیں گی اور اگر جماعت اسلامی عوام کی خدمت کرتی تو اسکا یہ حشر نہ ہوتا۔