پاکستان
07 مئی ، 2012

وزیر دفاع کا بیان: مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کا سینیٹ سے واک آوٴٹ

وزیر دفاع کا بیان: مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کا سینیٹ سے واک آوٴٹ

اسلام آباد … وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کے ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق بیان کے خلاف مسلم لیگ ن اور جے یو آئی ف کے اراکین نے سینیٹ اجلاس کا واک آوٴٹ کردیا۔ سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ وزیر دفاع کہتے ہیں کہ حکومت اور فوج کو اسامہ کی موجودگی اور ایبٹ آباد آپریشن کا پتا تھا، جے یو آئی ف کا موٴقف ہے کہ وزیر دفاع کے ایبٹ آباد آپریشن سے متعلق بیان سے کنفیوژن پیدا ہورہی ہے۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر راجا ظفر الحق نے کہا ہے کہ وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کہتے ہیں حکومت اور فوج کو اسامہ کی موجودگی اور ایبٹ آباد میں امریکی آپریشن سے متعلق پتہ تھا جبکہ حکومت نے پہلے کہا تھا کہ اسے اسامہ کے خلاف کارروائی کا پتہ نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی پارلیمنٹ کی قرار داد سے بند کی، وزیراعظم نے کہا قرار داد پر عمل ہوگا جبکہ ہمارے وزیر دفاع کہتے ہیں کہ اس سے پابندیاں لگ جائیں گی۔ راجا ظفر الحق کا کہنا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن پر ایوان کو دھوکے میں رکھا گیا، اس وقت پاکستان میں نہ کوئی وزیراعظم ہے اور نہ ہی کابینہ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نہیں کررہی۔ جے یو آئی (ف) نے سینیٹ اجلاس سے واک آوٴٹ پر موٴقف اختیار کیا ہے کہ وزیر دفاع چوہدری احمد مختار کے بیان سے کنفیوژن پیدا ہورہی ہے۔

مزید خبریں :