پاکستان
01 مئی ، 2015

عظیم طارق شہید کی 22ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

عظیم طارق شہید کی 22ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ایم کیوایم کے سابق چیئرمین عظیم احمد طارق شہید کی 22ویں برسی کراچی سمیت ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ برسی کے سلسلے میں صوبہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان ، خیبر پی کے ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے جبکہ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لا ل قلعہ گرائونڈ عزیز آباد میں منعقد ہوا جس میں بعد نماز ظہر تا عصر تک شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کی ۔ برسی کے اجتماع میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے انچارج کہف الوریٰ ، رابطہ کمیٹی اراکین خالد مقبول صدیقی ، عارف خان ایڈووکیٹ ،عبد الحسیب ، گلفراز خان خٹک ، آنسہ ممتاز انوار ، حق پرست اراکین سینیٹرز ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم کے مختلف شعبہ جات و نگزکے اراکین ، سیکٹرز کمیٹی کے اراکین ، یونٹوں کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدردوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ بعدا زاں حق پرست سینیٹرز مولانا تنویر الحق تھانوی نے عظیم احمد طارق شہید تمام حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی و اہل خانہ کے بلند حوصلے ، حق پرست جدوجہد کی کامیابی ، ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی صحت و تندرستی اور درازی عمر کیلئے خصوصی دعا کرائی ۔علاوہ ازیںحلقہ این اے 246کے ضمنی انتخابات میں کامیا ہونے والے اایم کیو ایم کے نومنتخب رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی معیشت میں 70فیصد ریونیو ادا کرتا ہے و ہ ملک کی اقتصادی شہ رگ ، معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ، لیکن چین کی جانب سے کی جانے والی 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں کراچی کو ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر مکمل طورپر نظر انداز کرکے تعصب کا مظاہرہ کیا گیا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کامیابی کے بعد قومی اسمبلی کی نشست 246کیلئے حلف برداری کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انھوںنے کہا کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے ساتھ تعصب برتا جارہاہے ۔انہوں نے بھاری اکثرت سے کامیاب کرانے پر حلقہ این اے 246کی خواتین ، بزرگوں ، ماؤں ، بہنوں اور نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ و ہ جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفے پر چلتے ہوئے اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بلا امتیاز رنگ و نسل خدمت کرتے رہیں گے۔دریں اثنا ایم کیوایم کی رابط کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سلیم دانش نے کہا ہے کہ عوام صرف اور صرف قائد تحریک الطاف حسین کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیںاور انہوں نے حلقہ 246کے ضمنی انتخابات میں ایم کیوایم کے امیدوار کنور نوید جمیل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرواکر ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ کل بھی ایم کیوایم کے ساتھ اور آج بھی ہیں ۔وہ ایسٹ لندن یونٹ کی تنظیم نو کے موقع پر کارکنان سے گفتگوکررہے تھے۔اس موقع عادل صدیقی،سہیل خانزادہ ، ایسٹ لندن کے ذمہ داران وکارکنان بھی موجود تھے ۔ادھر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے گلشن حدید میں مسلح دہشت گردوںکی فائرنگ سے ڈی ایس پی فتح محمدسانگری اوردوپولیس اہلکاروںکی شہادت کے واقعہ کی شدیدمذمت کی ہے ۔





مزید خبریں :