10 مئی ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے بنارس میں پولیس نے جعلی سیکیورٹی کمپنی کے دفتر کو سیل کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ، 4 سیکیورٹی گارڈ بھی گرفتار کرلئے گئے۔ ایس آئی یو ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ خرم وارث نے بتایا کہ کارروائی کے دوران جعلی سیکیورٹی کمپنی کے 4 سیکیورٹی گارڈز محمد فاروق، شمیم انور، محمد انور اور محمد اقبال کو گرفتار اور ان کے قبضے سے 15ری پیٹر، 3سیون ایم ایم رائفل، دو 30 بور کے پستول اور بھاری مقدارمیں گولیا ں برآمدکرلی گئی ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے گرفتار افراد نے بتایا کہ انہیں ایک شخص نے انٹرویو کے بعد صرف شناختی کارڈ لے کر ڈیوٹی پر مامور کردیا تھا۔ ایس ایس پی خرم وارث نے مزید بتایا کہ گزشتہ سال چکرا گوٹھ میں پولیس بس پر فائرنگ میں ملوث ایک ملزم حسین عرف بنگالی کو کورنگی سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔