10 مئی ، 2012
اسلام آباد … بالائی اور بعض وسطی علاقوں میں تیز آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ آج (جمعرات کی ) رات سے داخل ہو کر اتوار تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات نے اس دوران اسلام آباد سے اسکردو، چترال اور سیاچن کے فضائی راستوں میں سی بی کلاوٴڈ بننے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے فضائی آپریشن میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کی رات سے اتوار کے درمیان بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر ،گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں جبکہ زیریں خیبر پختونخوا، پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی کہیں کہیں تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ اس دوران مالاکنڈ، ہزارا، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، راولپنڈی، سرگودھا اور گوجرانوالہ ڈویژن میں ژالہ باری کی توقع ہے۔ آج لاڑکانہ، موہنجوڈارو، جیکب آباد اور سبی 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ گرم ترین مقام رہے جبکہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ، اسلام آباد میں 37، پشاور 36، کوئٹہ 32، گلگت 28 اور مری میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔