11 مئی ، 2012
اسلام آباد… بلوچستان پولیس نے سپریم کورٹ کوبتایاہے کہ طلب کردہ تین لاپتا افراد کوایف سی کی طرف سے لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، عدالت نے ان تینوں افراد، صوبائی آئی جی پولیس اور آئی جی ایف سی کو 14 مئی کو طلب کرلیا ہے ۔ چیف جسٹس افتخارمحمودچودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بلوچستان کے لاپتا افراد کیس کی سماعت کی، چیف جسٹس نے آئی جی ایف سی کے نہ آنے پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آئی جی چاہیں نہ آئیں لیکن تین مطلوبہ لاپتا افراد عدالت میں پیش کردیں، ایف سی کیخلاف تو ثبوت موجود ہیں، آئی جی پیش نہ ہوئے تو آرڈر پاس کردیں گے، ڈی آئی جی پولیس حامد شکیل نے عدالت کو بتایاکہ تینوں لاپتا افراد کو ایف سی کی گاڑی میں بٹھائے جانے سے متعلق نجی ہوٹل کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، عدالت نے یہ فوٹیج طلب کرلی، چیف جسٹس نے زیرسماعت معاملے میں وفاقی حکومت پر بھی تنقید کی اور کہاکہ وہ بلوچستان کے معاملات میں دلچسپی نہیں لے رہی، بعد میں عدالت نے تینوں طلب کردہ لاپتا افراد کو آئندہ سماعت پر لازمی پیش کرنے کا حکم اور بلوچستان پولیس اور ایف سی کے آئی جیز کو بھی طلب کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔