پاکستان
07 جون ، 2015

گلگت بلتستان : 24نشستوں پر267امیدوارمدمقابل، انتخابات کل ہونگے

گلگت بلتستان : 24نشستوں پر267امیدوارمدمقابل، انتخابات کل ہونگے

گلگت .....گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کےانتخابات کل ہونگے ۔ 24 نشستوں کیلئے 267 امیدوار میدان میں ہیں۔گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کی 24 نشستوں کیلئے 7 اضلاع کے عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے۔ نئی مردم شماری اور نادرا ریکارڈ کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 18 ہزار 364 ہے، جن میں 3 لاکھ 29 ہزار 475 مرد ووٹرز اور 2 لاکھ 88 ہزار 889 خواتین ووٹرز شامل ہیں ۔ اسمبلی کی 24 نشستوں کا انتخاب 7 اضلاع سے کچھ اس طرح ہوگا۔ضلع گلگت سے 3 نمائندوں کا انتخاب ہوگا، ہنزہ نگر کی بھی 3 نشستیں ہیں۔ ضلع اسکردو سے سب سے زیادہ اراکین اسمبلی منتخب ہونگے، جن کی تعداد 6 ہوگی۔ ضلع استور سے 2، ضلع دیامر سے 4 اراکین کا انتخاب ہوگا۔ ضلع غذر اور گانچھے کے عوام اپنے 3،3 نمائندوں کا انتخاب کرینگے۔ جی بی الیکشن 2015 کیلئے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے تمام حلقوں میں امیدوار وں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 22 نشستوں پر ٹکٹ جاری کئے ہیں ۔ اس کے علاوہ مجلس وحدت المسلمین نے 15، آل پاکستان مسلم لیگ 13، تحریک اسلامی 12 ، جمعیت علماء اسلام (ف) 10،پاکستان عوامی تحریک 7 ،جماعت اسلامی نے 6 نشستوں پر ٹکٹ جاری کئے ہیں۔ متحدہ قومی موؤمنٹ ، سنی اتحاد کونسل،عام آدمی پارٹی اور گلگت بلتستان قومی موؤمنٹ نے بھی چند حلقوں میں اپنے امیدوار وں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں ۔ قوم پرست جماعت بالاورستان نیشنل فرنٹ کی رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث اس جماعت کے امیدوار آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ آزاد امیدواروں کی ایک بڑی تعداد انتخابی دنگل میں موجود ہے۔ اس طرح مجموعی طور پر 267 امیدوار میدان میں ہیں۔گلگت بلتستان کی قومی اسمبلی اور سینٹ میں کوئی نمائندگی نہیں ، اب 2015کے انتخابات ہونے جارہے ہیں انتخابات کے نتائج کیا ہوتے ہیں حکومت کس کی بنتی ہے اور وہ حکومت گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے تعین سمیت عوام کے ساتھ کیے گئے، وعدوں اور دعوؤں کو عملی جامہ پہنانے میں کتنی بااختیار اور کس حد تک کامیاب ہوتی ہے یہ سب کچھ نئی صوبائی حکومت کی تشکیل کے بعد آہستہ آہستہ عیاں اور واضح ہوگا۔

مزید خبریں :