07 جون ، 2015
اسلام آباد..........جعلی ڈگری اسکینڈل میں ایف آئی اے اسلام آباد نے شعیب شیخ، عائشہ شیخ اور وقاص عتیق سمیت ایگزیکٹ کے 21 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے 17 ملازمین کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے شعیب شیخ، ان کی اہلیہ عائشہ شیخ، ڈائریکٹر وقاص عتیق، اسلام آباد ریجن کے ڈائرکٹرز، مینجرز اور آپریٹرز سمیت کل 21افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ملزمان میں سے 17افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ باقی چار کی گرفتاری جلد متوقع ہے ۔ مقدمے کے مرکزی ملزم شعیب شیخ کو کراچی ایف آئی اے کیس کے ریمانڈ کے بعد ایف آئی اے اسلام آباد کے حوالے کیا جائے گا۔ 17 گرفتار ملزمان کو چوبیس گھنٹو ں کے اندر اسلام آباد کی مقامی سیشن عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایف آئی اے کی مدعیت میں درج مقدمہ میں فراڈ، دھوکہ دہی، جعلی شناخت کی دفعات 419، 420، 468، 471،473 اور 109 سمیت اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعہ 4بھی درج کی گئی ہے ۔ جیو نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ منی لانڈرنگ کی دفعہ جعلی یونیورسٹیوں کی جعلی ڈگریوں سے حاصل ہونے والی رقوم کی بنا پر خریدی گئی جائیدادوں ، گاڑیوں اور دیگر اشیا پر بھی لگائی گئی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے انعام غنی نے جیو نیوز کو بتایا کہ مقدمہ ناقابل تردید شواہد اور ثبوتوں کی روشنی میں درج کیا گیا اور ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔