08 جون ، 2015
منڈی بہائوالدین .....ضلع منڈی بہاؤالدین کی این اے 108نشست پر ضمنی انتخابات کیلئے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔این اے 108کی یہ نشست دو تحصیلوں منڈی بہاؤالدین اور پھالیہ پر مشتمل ہے ۔ 4 لاکھ 31 ہزار 269 ووٹرز رجسٹرڈ ووٹرز کیلئے 289 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں ، 44 پولنگ اسٹیشن کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز کے دستے علاقے میں تعینات کردیے گئے ہیں۔ یہ نشست تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اعجاز چودھری کی جعلی ڈگری اور پلاٹ اسکینڈل میں نااہلی کے باعث خالی ہوئی۔ ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں ن لیگ کے ممتازاحمد تارڑ، پی ٹی آئی کے محمد طارق تارڑ،پی پی کے آصف بشیر بھاگت، ق لیگ کے حمزہ ناصر اقبال ، جماعت اسلامی کے ریاض فاروق ساہی اور پی اے ٹی کے محمد اعظم گجر کے علاوہ آزاد امیدوار شامل ہیں۔پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہیگی۔ علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرکے اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے 4 سو مربع گز میں غیر متعلقہ شخص کا داخلہ ممنوع قراردیا گیا ہے۔