پاکستان
11 مئی ، 2012

ایران سمیت تمام ممالک سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، گورنر سندھ

ایران سمیت تمام ممالک سے بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، گورنر سندھ

کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں ایران سمیت دیگر تمام علاقائی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات میں اضافے کا خواہشمند ہے، ایرانی شہر مشہد کی جدید خطوط پر ترقی قابل تحسین ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں ایران کے شہر مشہد کے میئر سید محمد پذہمان کی قیادت میں آئے ہوئے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر کراچی میں ایران کے قونصل جنرل عباس عبداللہ حئی، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ عالم اسلام کا سب سے بڑا شہر کراچی اور ایران کا دوسرا بڑا شہر مشہد باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے کوشاں ہے، دونوں شہروں کو جڑواں شہر قرار دیا جانا بھی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ ترقی کرنے والے مشہد شہر اور کراچی کے مابین ٹرانسپورٹیشن، تعلیم اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کیا جائے۔ اس موقع پر مشہد کے میئر سید محمد پذہمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران اسلام کے مضبوط رشتے میں جڑے ہوئے ہیں جو اپنی ثقافت اقدار اور بہترین روایات کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کر دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط تر کیا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :