11 جون ، 2015
کراچی...... متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے انتظامیہ کی جانب سے کریم آباد میں پتھارے داروں پر بدترین تشدد اور متعصبانہ رویے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے غریب عوام کے ساتھ ناانصافیوں کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ شہر میں انتظامی اہلکاروں کا اپنے اختیارات سے تجاویز روز مرہ کا معمول بن چکا ہے ، غریب پتھارے داروں پر بہیمانہ تشدد انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔رابطہ کمیٹی نے وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے مطالبہ کیا کہ وہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے کریم آباد میں پتھارے داروں پر بہیمانہ تشدد اور متعصبانہ زبان استعمال کرنے کا سختی سے نوٹس لیکر واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری کاروائی کریں اور محکمے میں موجود کالی بھیڑوں سے کراچی کے غریب عوام کو آزادی دلوائیں ۔دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے پشاور کے علاقے حیات آبا د میں فرنٹئیر ریزرو پولیس کے ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق کے قافلے پر دہشت گردوں کے خود کش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش دھماکہ کے نتیجے میں د و پولیس اہلکاروں کے شہید اور دو پولیس اہلکاروں سمیت پانچ افراد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے، ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گرد خود کش دھماکوں کے ذریعے ملک کی سا لمیت اور استحکام کو نقصان پہنچانے کے در پے ہیںجس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے خود کش بم دھماکہ میں پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کے شہید ہونے پر سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور زخمی ہونے والے پولیس کے ڈپٹی کمانڈنٹ ملک طارق اور دیگر افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعاکی ۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم نواز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے مطالبہ کیا کہ پشاور حیات آباد میں خود کش دھماکہ میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے ۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے رواں سال کے دوران صوبہ سندھ میں ڈینگی وائر س سے 428افراد کی ہلاکت پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی وائرس سے لوگوں کی ہلاکتوں میں صوبہ سندھ کا سر فہرست رہنا سندھ حکومت کے متعصب حکمرانوں کی نااہلی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈینگی وائرس سے ہلاکتوں سے ہونیوالی ایک رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اس وائر س سے 6افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں صرف کراچی اور حیدرآباد میں ڈینگی وائرس سے 428افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ڈینگی وائرس سے کراچی اور حیدرآباد میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکتوں نے سندھ حکومت کے وزراء اور کابینہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ڈینگی وائرس سے لوگوںکی ہلاکتوں میں صوبہ سندھ کے شہر کراچی اور حیدرآباد کا سرفہرست رہنے کا فی الفور سدباب کیاجائے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مثبت اور عملی اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔