Time 15 مارچ ، 2025
پاکستان

جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنائے جانے کے مقام پر ریلوے ٹریک کلیئر قرار

کچھی کےعلاقے میں جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنائے جانے کے مقام پر ریلوے ٹریک اور اطراف کا علاقہ کلیئر کردیا گیا۔

متاثرہ ریلوے ٹریک اور علاقے میں میڈیا کے نمائندوں کو رسائی دے دی گئی۔ ریلوے حکام نے بتایاکہ ریلوے کے انجنیئرنگ سمیت تیکنیکی ٹیموں نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ٹریک کی مرمت کا کام کل سے شروع کردیا جائے گا۔

ریلوے حکام کے مطابق حملے میں جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا، مشکاف میں ریلوے ٹریک کا 382 فٹ حصے کو نقصان پہنچا۔

ریلوے حکام نے بتایاکہ ریلوے ٹریک کی مرمت میں 8 سے 10 گھنٹے درکار ہونگے، کوشش ہے کہ ٹریک کی جلد مرمت کرکے ٹرین سروس بحال کی جائے۔

دوسری جانب کوئٹہ سے اندرون ملک کیلئے ٹرین سروس آج چوتھے روز بھی معطل ہے۔ یاد رہے کہ 3 روز بولان میں قبل پیروکنری کے قریب جعفرایکسپریس کو دہشتگرد حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس حملے میں پاک فوج نے 36 گھنٹے کے اندر کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کروایا تھا ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کے آپریشن میں مجموعی طور پر 33 دہشتگرد ہلاک اور 26 مسافر شہید ہوئے تھے۔

مزید خبریں :