12 جون ، 2015
کراچی ....... مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مہدی عابدی نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی شکست کا ذمہ دار ایم ڈبلیو ایم کو ٹہرائے جانے کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ذلت آمیز شکست کا سبب پیپلز پارٹی کے گلگت بلتستان میں نا اہل رہنما ہیں۔جو شوق حکمرانی تو رکھتے ہیں لیکن وصف حکمرانی سے ناآشنا ہیں۔ پیپلز پارٹی کے بلند و بانگ دعوی اور احساس ندامت شکست تسلیم کرنے میں ان کے راہ کی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ جو سراسر غیر سیاسی طرز عمل ہے۔پیپلز پارٹی نے شہلا رضا کو انتخابی مہم پر بھیجنے کا خمیازہ بھگت لیا۔جنہوں نے اپنے نامناسب رویے سے سینکڑوں شخصیات کو بد دل کر دیا۔ بیشتر پی پی امیدوار اپنی ضمانتیں بھی ضبط کروا بیٹھے۔مہدی شاہ نے عوام کو اپنے پورے دور حکومتمیں سوائے محرومیوں کے اور کچھ نہیں دیا۔گندم سبسڈی کا خاتمہ ، گلگت چلاس اور بابو سر کے اندوہناک سانحات پیپلز پارٹی کے ہی دور حکومت کا تحفے ہیں۔شہلارضا کی پریس کانفرنس میں استعمال کی جانے والی زبان نا پختہ اورشکست کی خجالت کو چھپانے کی ناکام کوشش تھی۔اس طرح کے بیانات پیپلز پارٹی کی رہی سہی ساکھ کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ مکتب تشیع کے اندران کے خلاف نفرت میں اضافے کا باعث بنیں گے، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اس رویے کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے ۔