14 جون ، 2015
لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے صوبہ سندھ کے پیش کردہ عوام دشمن بجٹ کے خلاف پرامن ہڑتال کرکے احتجاج ریکارڈ کرانے پر عوام سے دلی تشکر کااظہار کیا اور کہا ہے کہ سندھ دشمن بجٹ کے خلاف تاجروں ، صنعتکاروں ،دکانداروں، ٹرانسپورٹروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے رضاکارانہ طور اپنی سرگرمیاں بند رکھ کر ایم کیوایم سے بھر پور تعاون کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ بھر میں بجٹ کے خلاف پرامن ہڑتال سے ثابت ہوگیا ہے کہ عوام نے بھی سندھ کے حکمرانوں کے نام نہاد بجٹ کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ سندھ کا بجٹ شہری اور دیہی عوام میں دوریاں پیدا کرنے کا سبب بنے گا جبکہ ایم کیوایم سندھ کے مستقبل باشندوں کے درمیان اتحاد اور بھائی چارہ چاہتی ہے اور اس کیلئے عملی جدوجہد کرتی آئی ہے۔ایم کیوایم سندھ کے عوام دشمن بجٹ کے ذریعے شہری اور دیہی عوام میں دوریاں ہرگز پیدا نہیں ہونے گی اور اس کے خلاف ہر سطح پر آواز احتجاج بلند کرے گی ۔دریں اثنا الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم انشاء اللہ ملک بھرکے مظلوم عوام کے ساتھ مل کر دوفیصد مراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی سے پاکستان کو آزادکرائے گی ۔ یہ بات انہوں نے لندن کے علاقے ایجوئیر میں واقع سنگم ہال میں ایم کیوایم یوتھ ونگ کے تحت اے پی ایم ایس او کے 37 ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدرد پاکستانیوںنے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔الطاف حسین نےکہاکہ ایم کیوایم برطانیہ یوتھ ونگ بہت بڑااورمثبت انقلابی کردارادا کررہا ہے ،مجھے قومی امید ہے کہ اگرخدانخواستہ پاکستان میں ایم کیوایم کے خلاف انتہائی قدم اٹھایا گیا تو ایم کیوایم برطانیہ یوتھ ونگ کے کارکنان آگے بڑھ کر نہ صرف حق پرستانہ فکروفلسفہ کوپھیلائیں گے بلکہ پاکستان کے مظلوم عوام کے حقوق کی جدوجہد بھی جاری رکھیں گے ۔الطاف حسین نے تقریب کے شرکاء سے دریافت کیا کہ کیا آپ برطانیہ کے چیف آف آرمی اسٹاف کا نام بتاسکتے ہیں؟ جس پر شرکاء نے جواب دیا ’’جی نہیں ‘‘دوبارہ دریافت کیا کہ کیا آپ کو پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کانام معلوم ہے ؟ شرکاء نے یک زبان ہوکر کہا’’جی ہاں ، جنرل راحیل شریف‘‘ الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں صحیح معنوںمیںجمہوریت اسی وقت آئے گی جب پاکستانی عوام چیف آف آرمی اسٹاف کے بجائے منتخب وزیراعظم کا نام جانیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایم کیوایم کی سیاسی وفلاحی سرگرمیوں پر قدغن لگائی جارہی ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے میرے براہ راست خطاب پر بھی پابندی عائد ہے ۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے تمام سیکٹراوریونٹ آفس بند کرادیے ہیں کہ اس طرح ایم کیوایم ختم ہوجائے گی لیکن میں انہیں کہتا ہوں کہ ابھی برطانیہ یونٹ زندہ ہے اور اس کے پیچھے نہ ختم ہونے والی ایم کیوایم یوتھ ونگ موجود ہے ۔ الطاف حسین نے آرمی چیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروںکا کام محاذ پر ملک دشمنوں سے لڑنا ہے ، زکوٰۃ ،فطرہ اور قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے روکنا نہیں ۔انھوں نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف نے گزشتہ روزگورنر سندھ کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے تاجر کہہ رہے ہیں کہ مکھی بھی مرجائے تو ہڑتال ہوجاتی ہے ، انہیں توبہ کرنی چاہیے کیونکہ نوازشریف اور شہباز شریف بھی صاحب اولاد ہیں اگر خدانخواستہ انہیں اپنے جوان بچوں کی موت کا صدمہ جھیلنا پڑے تو انہیں معلوم ہوگا کہ اولاد کی موت کا غم کیا ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کے 98 فیصد غریبوں کے حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔ انہوں نے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مغفرت اوران کے بلند درجات کیلئے دعا بھی کی۔