14 جون ، 2015
لاہور...........برما اور کشمیر کے مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے تنظیم مشائخ عظام کے زیر اہتمام لاہور میں ریلی نکالی گئی،شرکاء نے حکومت پاکستان سے ان مظالم کے خاتمے کیلئے عالمی اداروں سے رابطہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ لاہور میں تنظیم مشائخ عظام نے کشمیر اور برما کے مسلمانوں سے اظہار یک جہتی کے لیے جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی ، ریلی میں خواتین اور بچے بھی شریک ہوئے، ریلی ریگل چوک اور مسجد شہداء سے ہوتے ہوئے چیرنگ کراس چوک پہنچی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت مسلم ممالک اور اقوام متحدہ کیساتھ مل کر کشمیر اور برما میں جاری بدترین دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ریلی کے اختتام پر برما اور کشمیر کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔