15 جون ، 2015
چارسدہ......شیرعلی خان .......میانمار کے مسلمان بد ترین مظالم کا شکار ہیں اور اس نازک وقت میں پوری امت مسلمہ پر فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنے بے بس مسلمان بھائیوں،بہنوں اور بچوں کی مدد کے لئے پوری قوت سے آگے آئیں تاکہ ان پر ظلم ڈھانے والوں کو اندازہ ہو سکے کہ پوری امت مسلمہ برمی مسلمانوں کی پشت پر کھڑی ہے۔یہ بات مولانا محمد ادریس نے اُمہّ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے ذمہ داروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اُمہّ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کے ایک کارکن کے طور پر انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے مصائب و آلام کا تفصیلی مشاہدہ کیا ہے اور اگر اس نازک وقت میں امت مسلمہ نے دل کھول کر ان کی مدد نہ کی توان کی مشکلات کم نہیں ہوں گی۔ ہر مسلمان کو افطاری کے وقت یہ ضرور سوچنا چاہئے کہ اس وقت ہمارے برمی مسلمان روزہ دار بھائی کن حالات کا شکار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ رمضان میں ہم تو شکم سیرہو کر سحری اور افطاری کر تے رہے ،لیکن روہنگیا مسلمانوں کے پاس روزہ افطار کرنے کے لئے کچھ نہ ہوا توکل روز محشر اللہ کو کیا جواب دیں گے؟ انہوں نے پاکستانی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ روہنگیا مسلمانوں کی مدد کے لئے اُمہّ ویلفیئر ٹرسٹ پاکستان کو دل کھول کر زکوٰۃ ، خیرات اور عطیات دیں۔