15 جون ، 2015
بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین کے سب سے بڑے صوبے کاتالونیا کے دارالحکومت بارسلونا میں موجود اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے جامعہ اقوام متحدہ شعبہ گلوبلائزیشن، کلچر اور موبیلیٹی کے زیر اہتمام ایک نمائش کا اہتمام سانت پائو اسپتال میں قائم وسیع و عریض نمائش گاہ میں کیا گیا۔ نمائش میں بارسلونا شہر کی 16اہم خواتین کی سماجی خدمات کا اعتراف ان کی تصویری جدوجہد سے کیا گیا جن میں واحد پاکستانی خاتون ڈاکٹر ہما جمشید کا نام بھی درج ہے۔ نمائش میں دیکھائی جانے والی تصاویر میں ان سماجی خواتین کا تعارف انگریزی اور ہسپانوی زبانوں میں درج کیا گیا تھا۔ 16 خواتین کی فہرست میں، لیدیا کی جینکس، کیوباکی نورا ایسپاچے، ارجنٹائن کی بومبو نادر، سینیگال کی فاطمہ حاسون، مراکش کی جینی آلا حاکونی، فن لینڈکی ماریتزا بوئی تراگو، کولومبیا کی ایدنالین ریماندیریمان، فلپائن کی نیزلا ماچاتینتے، موزمبیق کی سیتھی سائم، کمبوڈیاکی لولا گالیعوتے، سیبیعاکی جوسیع اورتونیو، وینیزویلا کیسیرینیعا آگوستونی، اٹلی کی اسٹیفانی ڈیرید جبکہ فرانس اور پاکستان سے کونسلر ڈاکٹر ہما جمشید (پی ایچ ڈی) کا نام درج ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے کے زیر اہتمام ایک کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا جس سے ڈاکٹر ہما جمشید نے خطاب میں اپنے سماجی وفلاحی سفر اور اسپین میں مقیم پاکستانی خواتین کے مسائل کے حل کیلئے کی گئی کوششوں سے آگاہ کیا۔