16 جون ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی میں کراچی میں ماورائے عدالت قتل کیے گئے نوجوانوںکو ’’مکھی‘‘ قراردینے کے حوالہ سے وضاحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مناسب ہوتا کہ وزیراعظم وضاحت کرنے کے ساتھ ساتھ احتجاجی ہڑتالوں کے اسباب اوروجوہات کاسدباب کریں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم کو اس بات پر اعتراض ہے کہ کراچی میں ہڑتالیں کیوں کی جاتی ہیں لیکن وہ وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے باوجودانہیں کراچی کے بے گناہ مہاجروں کو حراست کے دوران وحشیانہ تشدد کانشانہ بنانے، گرفتارشدگان کو لاپتہ کرنے اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات پراظہار مذمت کی توفیق نہیں ہوئی ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ملک بالخصوص سندھ بھر کے حق پرست عوام کو پرامن احتجاج اور ہڑتالیں کرنے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن جب قانون نافذ کرنے والے ادارے ظلم وبربریت پر اترآئیں،بے گناہ مہاجر نوجوانوں کو ان کے اہل خانہ کے سامنے گرفتارکرکے لاپتہ کردیا جائے، سرکاری حراست میں بے گناہ نوجوانوں کو بدترین تشددکا نشانہ بنایاجائے ، انہیں حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل کردیا جائے اور مظلوموں کو حکومت، عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے انصاف فراہم نہ کیاجائے تو پھر مظلوم عوام کے پاس احتجاج اور ہڑتال کے سوا کیاراستہ رہ جاتا ہے ؟رابطہ کمیٹی نے کہاکہ وزیراعظم اور وفاقی وزیرداخلہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ کراچی آپریشن کی نگرانی کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی لیکن وزیراعظم کی جانب سے اس بات کی بھی وضاحت نہیں کی گئی کہ کونسے عوامل انہیں مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام سے روک رہے ہیں اور ایم کیوایم کو یقین دہانی کرانے کے باوجود حکومت کی جانب سے مانیٹرنگ کمیٹی کا قیام کیوں عمل میں نہیں لایا گیا ہے؟ رابطہ کمیٹی نے محب وطن مہاجروں کے بارے میں وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف کے توہین آمیز ریمارکس کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ خواجہ آصف کے اشتعال انگیز ریمارکس سے کروڑوں مہاجروں کی دل آزاری ہوئی ہے جس کاوزیراعظم کو فوری نوٹس لینا چاہیے اورخواجہ آصف سے انکے نفرت انگیز اور توہین آمیز ریمارکس کی وضاحت طلب کرنی چاہیے۔دریں اثنا خواجہ آصف کے مہاجروں کے بارے میںتوہین آمیز اور اشتعال انگیز ریمارکس کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میںقرار داد مزمت جمع کرادی گئی ۔ قرار داد مذمت آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر طاہر کھوکھر نے اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی اور مہاجروں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر بجٹ سیشن کے دوران بحث کی درخواست کی ۔ بعدازاں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس نے خواجہ آصف کی جانب سے مہاجروں کے خلاف نفرت انگیز بیان اور ’’جعلی مہاجر‘‘ کے الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ خواجہ آصف کے بیان سے ملک و قوم کیلئے قربانیاں دینے والے کروڑوں مہاجروں کی دل آزاری ہوئی ہے لہٰذا یہ اجلاس وزیراعظم نواز شریف سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی جانب سے اس قسم کے نفرت انگیز بیانات کا نوٹس لے اور اس کا فی الفور سدباب کریں ۔