پاکستان
17 جون ، 2015

دہلی میں سارک سیٹلائٹ منصوبے کے اجلاس میں پاکستان شرکت کرے گا

دہلی میں سارک سیٹلائٹ منصوبے کے اجلاس میں پاکستان شرکت کرے گا

کراچی........رفیق مانگٹ........بھارتی عہدے دار کے مطابق پاکستان بھارت کے مجوزہ سارک سیٹلائٹ منصوبے کے لئے دہلی میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔ بھارتی اخبار ’دی ہندوستان ٹائمز‘ نے خبررساں ادارے کے حوالے سے لکھا کہ پاکستان سمیت سارک ممالک وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مجوزہ سارک سیٹلائٹ منصوبے میں شرکت کریں گے۔ بھارتی خلائی تحقیقی تنظیم ’آئی ایس آر او‘ کے چیئرمین کرن کمار سے اس منصوبے میں پاکستان کی سرد مہری کا ذکر کیا گیا، تو انہوں نے اس کی سختی سے تردید کی اور کہا یہ بالکل درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا 22جون کو دہلی اجلاس میں تمام 7سارک ممالک شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک دن کا اجلاس ہے، جس میں ان چیزوں کے ممکنہ ہونے کا جائزہ لیا جائے گا، بات چیت جاری ہے اور ہمیں بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں سب شرکت کریں گے۔ اس سے قبل بھارتی میڈیا نے خبردی تھی کہ سارک سیٹلائیٹ منصوبے کے متعلق پاکستان کی طرف سے بھارت کو کوئی خاطر خواہ جواب نہیں ملا، اب بھارت اسلام آباد حکومت کے بغیر ہی دیگر رکن ممالک کے ساتھ اس منصوبے کو آگے بڑھائے گا۔ بھارت نے گزشتہ برس کامیابی کے ساتھ اپنا ایک مواصلاتی سیارہPSLV C-23، خلا میں بھیجا تھا، جس کے بعد نریندر مودی نے کہا تھا کہ سارک ممالک کے مابین زیادہ ہم آہنگی ضروری ہے اور خطے کا ایک مشترکہ سیٹلائٹ ہونا چاہیے۔

مزید خبریں :